13 مارچ 2015 - 14:06
داعش کا اپنے افراد کو فرار ہونے کا مشورہ

داعش نے اپنے افراد سے کہا ہے کہ شام اور عراق میں اپنے اہداف حاصل نہ کرنے کی صورت میں، مغربی افریقہ کا رخ کریں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ داعش کے ترجمان نے ایک ویڈیو پیغام میں عراق اور شام میں اپنی ضمنی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح عناصر، شام اور عراق میں اپنے اہداف حاصل نہ کرنے کی صورت میں مغربی افریقہ کا رخ کریں۔

موصولہ خبروں کے مطابق داعش تکفیری دہشت گرد گروہ کے ترجمان اور سفاک دہشت گرد " ابو محمد العدنانی" نے صوبہ صلاح الدین اور الانبار میں عراقی فوج اور عوامی فورس کی پیشقدمی کے بعد ایک ویڈیو ٹیپ میں اعلان کیا ہے کہ خلافت باقی رہے گی اور وہ مزید مستحکم ہوگی۔

داعش کے ترجمان نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں دہشت گردوں سے کہا ہے کہ وہ شام اور عراق میں ناکامی کی صورت میں مغربی افریقہ چلے جائیں۔ فرانس پریس نے بھی داعش کے ترجمان کے اس ویڈیو پیغام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابومحمد العدنانی نے داعش کی نمائندگی میں دہشت گرد گروہ بوکوحرام سے سمجھوتے کے بعد اسے اپنا لیا ہے۔

ابومحمد العدنانی نے داعش کے عناصر سے مغربی افریقہ کی جانب ہجرت کرنے کی اپیل ، نائیجیریا میں بوکو حرام کی جانب سے بیعت کرنے کے بعد کی ہے- افریقی ملکوں میں دہشت گردی میں مصروف "بوکو حرام " کو القاعدہ کی شاخ تصور کیا جاتا ہے- بتایا جاتا ہے کہ اس دہشت گرد گروہ سے وابستہ عناصر کے ہاتھوں ہزاروں عام شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں-

.......

/169